بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار سے زیادہ ہو گیا، 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری

بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار سے زیادہ ہو گیا، 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری

اسلام آباد: ملک میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث کئی کئی گھنٹوں کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور گرمی کے ستائے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار 19 ہزار 924 میگا واٹ ہے جبکہ طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ ہے اور بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 576 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ پانی سے 5 ہزار 219میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1 ہزار 284 میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 9 ہزار 764 میگاواٹ اور ونڈ پاور پلانٹس سے 1ہزار 190 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ 
اسی طرح بگاس سے چلنے والے پاور پلانٹس 189 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں اور جوہری ایندھن سے 2ہزار 278 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے جبکہ سولر پلانٹس سے بجلی کی پیداوار اس وقت صفر ہے۔ 
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کو بھی 450 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد ریجن میں بھی 6 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں