اسلام آباد : ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج کے اعلیٰ عسکری حکام نے اہم یونیورسٹیوں اور کالجوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشستوں میں شرکت کی۔
یہ ملاقاتیں منگلا، ملتان، لاہور، کراچی، کوئٹہ، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے کور کمانڈرز نے کیں۔ ان کا مقصد نوجوان نسل کو ملک کی سلامتی، ترقی، امن و امان اور افواجِ پاکستان کے کردار سے آگاہ کرنا تھا۔
عسکری قیادت نے طلبہ کو تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تلقین کی اور کہا کہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا پر افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کا جواب دینے اور پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
کور کمانڈر لاہور نے آپریشن بنیان مرصوص کو قومی اتحاد کی علامت قرار دیا اور طلبہ کی بنائی گئی تصویری نمائش کو سراہا۔ کور کمانڈر کراچی نے نوجوانوں کو قوم کا ضمیر اور کل کا معمار کہا اور بتایا کہ پاکستان سلامتی اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
کور کمانڈر کوئٹہ نے بلوچستان میں ترقیاتی کاموں اور زمینی حقائق پر روشنی ڈالی، جبکہ گوجرانوالہ اور بہاولپور میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور معرکۂ حق پر بات چیت ہوئی۔ ان تقریبات میں وائس چانسلرز، اساتذہ، اور بڑی تعداد میں طلبہ شریک ہوئے، جنہوں نے قومی امور پر سوالات کیے اور عسکری قیادت سے براہِ راست بات چیت کی۔