اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے، جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
جدہ ایئرپورٹ پر گورنر مکہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد بھی موجود ہے۔
دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے میں سعودی کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
جدہ آمد کے بعد وزیراعظم شہباز شریف عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عیدالاضحی کے موقع پر سعودی عرب میں قیام پذیر ہوں گے اور یہ تہوار وہ مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں منائیں گے۔