اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی صارفین کے لیے بیک وقت نرخوں میں اضافے اور کمی کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
نیپرا کے مطابق اپریل 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 19 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔ اس اضافے کا اطلاق ملک بھر کے بیشتر بجلی صارفین پر ہوگا اور اس کی وصولی جون کے بجلی بلوں میں کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق لائف لائن صارفین، پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز اس اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
دوسری جانب نیپرا نے مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 98 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔ بجلی کی قیمت میں یہ کمی جون، جولائی اور اگست کے بلوں میں لاگو رہے گی۔
تاہم ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق لائف لائن صارفین، انکریمنٹل کنزمپشن پیکج سے فائدہ اٹھانے والے صارفین اور پری پیڈ میٹر استعمال کرنے والے افراد اس ریلیف کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہوں گے۔