اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں کاروباری برادری کے تحفظ اور تجارتی مقدمات کو تیز رفتاری سے نمٹانے کے لیے خصوصی کمرشل عدالتیں قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ اس اہم اقدام کے تحت تجارتی تنازعات کے فوری حل کے لیے ایک جامع قانونی فریم ورک تیار کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے اس منصوبے کو عملی جامع پہنانے کے لیے وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وفاقی وزیرِ قانون، اٹارنی جنرل اور وزیرِ مملکت برائے خزانہ مل کر ان کمرشل عدالتوں کے قیام کے مسودے اور قانونی فریم ورک پر کام کریں گے، جس کے تحت کاروباری مقدمات روایتی عدالتی تاخیر کے بغیر جلد نمٹائے جا سکیں گے۔
وفاقی حکومت نے کمیٹی کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ تجارتی تنازعات کے فوری اور مؤثر حل کے لیے اپنی حتمی سفارشات اور قانونی مسودہ 45 روز کے اندر تیار کر کے پیش کرے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، ان خصوصی عدالتوں کے قیام کا بنیادی مقصد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا اور کاروباری معاملات کو طویل قانونی چارہ جوئی سے بچانا ہے۔