سینٹ پیٹرز برگ :روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف پراپیگنڈا مہم کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان ایک انتہائی خودمختار ملک ہے جو اپنی پالیسیوں میں کسی کا تابع نہیں ہے۔
سینٹ پیٹرز برگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کے موقع پر بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک بھارتی صحافی نے جب پاکستان کے حوالے سے منفی اور جانبدارانہ سوال اٹھایا، تو روسی صدر نے اسے آئینہ دکھاتے ہوئے پاکستان کی آزادانہ حیثیت کا دفاع کیا۔ صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات انتہائی اہم اور مضبوط ہیں، اور روس خطے میں استحکام کا خواہاں ہے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران روسی صدر نے دیگر عالمی امور پر بھی روس کا موقف کھل کر پیش کیا۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ روس اور چین کے مفادات یکساں ہیں، اور دونوں ممالک اپنا دفاعی تعاون ہر صورت جاری رکھیں گے۔
یوکرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ روس اب بھی یوکرین کے ساتھ پرامن طریقے سے اور مذاکرات کے ذریعے کسی معاہدے پر پہنچنے کے لیے تیار ہے۔صدر پیوٹن نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران جلد کسی مثبت سمجھوتے پر پہنچ جائیں گے، اور روس اس قسم کے کسی بھی امن معاہدے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
عالمی سفارتی ماہرین کے مطابق، سینٹ پیٹرز برگ فورم پر روسی صدر کا بھارتی میڈیا کو دیا گیا یہ جواب نئی دہلی کے لیے ایک بڑا سفارتی دھچکا ہے، جبکہ یہ خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی جیو-پولیٹیکل اہمیت کا واضح اعتراف ہے۔