تل ابیب : امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ خفیہ بات چیت ہوئی ہے، جس سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کافی پریشان ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس ایجنسی نے سی آئی اے سے تیسرے ملک کے ذریعے رابطے کیے، اور تنازع کے خاتمے سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
اس رپورٹ کے بعد نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس سے وضاحت طلب کی، کیونکہ اسرائیل کو خدشہ ہے کہ مقاصد حاصل ہونے سے پہلے سیز فائر ہو جائے۔ امریکی ذرائع کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس نے خفیہ روابط کی رپورٹس فراہم کیں، جس کے باعث نیتن یاہو نے پیر کے روز وائٹ ہاؤس سے وضاحت مانگی۔ ٹرمپ انتظامیہ نے نیتن یاہو کے خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ایسے کوئی رابطے نہیں ہوئے۔
دوسری جانب ایران نے بھی خفیہ رابطے کے دعوے کی تردید کی ہے۔ تسنیم نیوز کے مطابق ایران نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا اور واضح کیا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی سے خفیہ بات چیت کا کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔