کیلیفورنیا: اینڈرائیڈ فون کی بیٹری لائف مختلف عوامل پر منحصر ہوتی ہے، جیسے تیز پراسیسر، روشن اسکرین، پتلی باڈی، بیک گراؤنڈ سافٹ ویئر اور تیز انٹرنیٹ کنکشن۔ تاہم کچھ سیٹنگز اور فیچرز کو بدل یا بند کرکے بیٹری کی عمر کو بہتر بنایا جا سکتا ہے:
اسکرین برائٹنس کم کریں:
بڑی اور روشن اسکرین سب سے زیادہ بیٹری استعمال کرتی ہے۔ ڈسپلے سیٹنگز میں جا کر اسکرین برائٹنس کم کریں اور آٹو برائٹنس فیچر بند کریں، کیونکہ یہ اکثر ضرورت سے زیادہ روشن کر دیتا ہے۔
لاک اسکرین فیچرز کو کنٹرول کریں:
اکثر فونز میں "آل ویز آن ڈسپلے" فیچر ہوتا ہے جو وقت اور تاریخ دکھاتا ہے۔ یہ فیچر مسلسل بیٹری استعمال کرتا ہے، لہٰذا غیر ضروری ہو تو اسے بند کریں۔
اسکرین ٹائم آؤٹ سیٹنگ درست کریں:
جتنا زیادہ اسکرین روشن رہے گی، بیٹری اتنی زیادہ استعمال ہوگی۔ اسکرین ٹائم آؤٹ کو 15 سیکنڈ سے چند منٹ تک محدود کریں تاکہ اسکرین خود بخود بند ہو جائے اور بیٹری بچ جائے۔
بیک گراؤنڈ ایپ اپ ڈیٹس بند کریں:
ایپس بیک گراؤنڈ میں مسلسل کام کرتی ہیں، جس سے بیٹری جلد ختم ہوتی ہے۔ سیٹنگز میں بیٹری یوز ایج چیک کریں اور غیر ضروری ایپس کو سلیپ موڈ یا بیک گراؤنڈ اپڈیٹس بند کر دیں۔
یہ آسان اقدامات اینڈرائیڈ فون کی بیٹری لائف کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور فون زیادہ دیر تک چلتا ہے۔