Get Alerts

ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت اور انگلینڈ آج دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل

ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت اور انگلینڈ آج دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل

ممبئی : ٹی 20 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آج بھارت اور انگلینڈ کا سامنا ہوگا۔ یہ میچ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس اس میچ میں امیدوں کا محور ہوں گے، جبکہ بھارت کے سنجو سیمسن اپنی صلاحیتیں دوبارہ دکھانے کے لیے بے تاب ہیں۔ بھارت کو اب تک ایونٹ میں صرف ایک میچ میں شکست ہوئی ہے، جو جنوبی افریقا کے خلاف تھی۔

انگلینڈ کا سفر ابتدائی میچز میں چھوٹی ٹیموں کے خلاف کانٹے دار رہا، مگر سپر ایٹ راؤنڈ میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کو شکست دے کر انگلینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ پکی کی۔ انگلینڈ کا مضبوط اسپن اٹیک بھارتی بیٹنگ لائن کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں ٹیمیں لگاتار تیسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔ 2022 میں انگلینڈ جیتا تھا جبکہ 2024 کے سیمی فائنل میں بھارت نے فتح حاصل کی تھی۔ مجموعی طور پر ورلڈکپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچز ہوئے، جن میں بھارت نے 3 اور انگلینڈ نے 2 بار فتح پائی۔

ٹی 20 فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 29 میچز ہوئے ہیں، جن میں سے بھارت نے 17 اور انگلینڈ نے 12 جیتے ہیں۔

ٹیگز: