اسلام آباد / کوالالمپور: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان آج سہ پہر ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملوں اور برادر خلیجی ممالک کو نشانہ بنائے جانے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ تشدد کے اس سلسلے سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔رابطے کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ملک کی سرحدوں کی خلاف ورزی عالمی اصولوں کے منافی ہے۔
دونوں وزرائے اعظم نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ موجودہ حالات میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں۔ فوری طور پر تمام دشمنیاں ختم کی جائیں۔ تمام تنازعات اور اختلافات کو سفارت کاری اور بامقصد مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔یہ رابطہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اہم عالمی و علاقائی معاملات پر ہم آہنگی اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔