ریاض/ابوظہبی: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس میں انہوں نے یو اے ای کی ریاست فجیرہ پر ہونے والے حالیہ ڈرون حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی ولی عہد نے گفتگو کے دوران ایران کی جانب سے کیے گئے حملے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے اماراتی صدر کو یقین دلایا کہ سعودی عرب اس مشکل گھڑی میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور برادر ملک کے دفاع کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، یو اے ای کی ریاست فجیرہ کے آئل انڈسٹری زون کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تنصیبات میں آگ لگ گئی۔
حملے کی زد میں آکر 3 بھارتی شہری زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے طویل جدوجہد کے بعد آئل زون میں لگی آگ پر قابو پایا۔دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اور تخریب کاری کی ایسی کوششیں دونوں ممالک کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔