بدعنوان عناصر کو نہیں بخشا جائے گا: سعودی ولی عہد
جدہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ خواہ کوئی وزیر ہو یا شہزادہ جس کے خلاف بھی کافی ثبوت موجود ہوئے اس کا احتساب عمل میں لایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک وڈیو کلپ گردش میں ہے جس میں وہ باور کرا رہے ہیں کہ مملکت میں بدعنوان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔نہوں نے کہا تھا کہ جس شخص کے خلاف بھی بدعوانی ثابت ہو گئی وہ کسی طور نہیں بچ سکے گا خواہ اس کا جو بھی منصب اور حیثیت ہو۔ شہزادہ محمد نے باور کرایا کہ خواہ کوئی وزیر ہو یا شہزادہ جس کے خلاف بھی کافی ثبوت موجود ہوئے اس کا احتساب عمل میں لایا جائے گا۔
سعودی عرب میں بدعنوانی کے الزام میں متعدد شہزادوں اور وزراءکے حراست میں لیے جانے کی کارروائی نے شہزادہ محمد بن سلمان کے عہد کی تصدیق کر دی۔ ہفتے کی ہی شام جاری ایک شاہی فرمان میں انسداد بدعنوانی کے لیے ایک سپریم کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے سربراہ شہزادہ محمد بن سلمان خود ہوں گے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے فرمان میں کہا کہ انصاف اور عدل کا نظام ہر چھوٹے اور بڑے پر نافذ ہو گا اور اس سلسلے میں کسی جانب سے ملامت کی پروا نہیں کی جائے گی۔ ہم اللہ رب العزت اور پھر اپنے عوام کے سامنے اس بھاری ذمے داری کے حوالے سے جواب دہ ہیں۔