کیلیفورنیا : کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے اکثر ویب براؤزرز میں آٹو فل فیچر کے عادی ہو چکے ہیں، جس کے ذریعے وہ بغیر اپنی ذاتی معلومات یاد کیے، سروسز میں اپنے نام، پاس ورڈ، ایڈریس اور کریڈٹ کارڈ نمبر درج کر سکتے ہیں۔ اب گوگل کروم نے اس فیچر کو مزید بہتر بنا دیا ہے، جس میں صارفین اپنی اضافی ذاتی معلومات جیسے پاسپورٹس، ڈرائیور لائسنس اور گاڑی کے لائسنس پلیٹ نمبر بھی محفوظ کر سکیں گے۔
گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ Enhanced AutoFill فیچر صارفین کے لیے زیادہ سمارٹ اور مفید ہوگا۔ اس میں پیچیدہ فارمز اور مختلف فارمیٹنگ کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنے کی صلاحیت بھی شامل کی گئی ہے، جس سے فارم بھرنے کا عمل تیز اور آسان ہو جائے گا۔
تاہم، یہ فیچر بائی ڈیفالٹ ڈس ایبل ہوگا، اور صارفین کو اسے دستی طور پر آن کرنا ہوگا۔ اس کے لیے گوگل کروم کی سیٹنگز میں جا کر "AutoFill and Passwords" کے آپشن کو کھول کر، Enhanced AutoFill کو فعال کرنا ہوگا۔
گوگل کروم نے بتایا کہ یہ فیچر تمام زبانوں میں دستیاب ہوگا اور آنے والے مہینوں میں مزید ڈیٹا آپشنز بھی شامل کیے جائیں گے۔
اس وقت گوگل کروم دنیا کا سب سے مقبول ویب براؤزر ہے، جس کا مارکیٹ شیئر 73 فیصد ہے۔ اس میں نئے فیچرز کی شمولیت کا مقصد یہ ہے کہ صارفین کو بہتر سروس فراہم کی جائے اور وہ دوسرے ویب براؤزرز کی جانب نہ جائیں۔