ہم کوئی عام ملک نہیں ایٹمی طاقت ہیں: شاہد خاقان عباسی

ہم کوئی عام ملک نہیں ایٹمی طاقت ہیں: شاہد خاقان عباسی

مری: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ہمارے ملک کو چیلنجز بھی ہیں لیکن اﷲ کا کرم ہے ہم ترقی بھی کررہے ہیں بجلی کے مسائل تھے وہ حل ہوئے ہیں جمہوریت جس ملک میں پنپتی ہے مسائل اسی ملک کے حل ہوتے ہیں آج ہماری اولین ترجیح ہے کہ جمہوری اقدار کو مضبوط کیا جائے اور ملک میں جمہوریت کو فروغ دیا جائے اور اسی کے تحت ملک کے مسائل کو حل کیا جائے .ہم کوئی عام ملک نہیں ہم ایٹمی طاقت ہیں اور ہم نے اپنے وسائل اور اپنی محنت سے یہ طاقت حاصل کی ہے ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں .آج دنیا کی دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ پاکستان لڑ رہا ہے آج بھی ہماری مسلح افواج کے دو لاکھ سے زائد جوان دہشت گردی کے خلاف پوری دنیا کی جنگ لڑ رہے ہیں ہزاروں شہادتیں ہوئی ہیں اور قربانیاں دی گئیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے لارنس کالج گھوڑا گلی کے 157 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے مری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج سے 42 سال پہلے جہاں طلباء آج کھڑے ہیں میں بھی وہیں کھڑا تھا اور وہ میری زندگی کا بہترین دن تھا .اس کالج نے بہت سے مشہور لوگ پیدا کیے کچھ سیاست میں گئے کچھ فوج میں گئے کچھ زندگی کے دیگر شعبوں میں گئے اور کچھ نے کھیلوں میں نام حاصل کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کالج نے کوئی ایک چیز مہیا کی ہے تو وہ اچھے انسان مہیا کیے ہیں ۔وزیر اعظم نے قائد اعظم شیلڈ کی ونر ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔ان کا کہنا تھا کہ طلباء نے جو تربیت کالج سے حاصل کی ہے وہ زندگی بھر ان کے ساتھ رہے گی اور جو یادیں ہوں گی وہ کتابوں کی نہیں بلکہ کھیلوں کی ہوں گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ گیلینز دنیا میں دو ،اڑھائی ہزار سے زیادہ نہیں کیونکہ بہت تھوڑے سے لوگ یہاں آتے ہیں اس کالج نے لیڈرز پیدا کیے۔ان کا کہنا تھا کہ لارنس کالج ایکیلنس کا نام ہے کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) مجاہد عالم نے کالج کے وقار اورعزت میں اضافہ کیا ہے۔آج کالج کا شمار ملک کے معیاری ترین اداروں میں ہوتا ہے ان کا کہنا تھا کہ آج اساتذہ ہیں وہی کل کو طلباء کے دوست ہوں گے طلباء کو چاہیے کہ وہ پوری زندگی اپنے اساتذہ کی عزت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ never gaveinصرف ماٹو نہیں بلکہ گیلینز کے لیے زندگی گزارنے کا طریقہ ہے کہ آپ کسی چیز کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالتے۔آپ اصولوں سے نہیں ہٹے یہ وہ اقدار ہیں جو گیلینز کی ہوتی ہیں میں تمام بچوں کو جنہوں نے میڈلز اور ایوارڈز حاصل کے ان کو مبارکباد دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارے ملک کو چیلنجز بھی ہیں لیکن اﷲ کا کرم ہے کہ ہم ترقی بھی کر رہے ہیں ہمارا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جن کو دنیا عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور جن کا دنیا میں ایک مقام ہے ۔ہم نے چیلنجز کا مقابلہ بھی کیا ہے بجلی کے مسائل تھے وہ حل ہوئے مسائل حل ہوتے رہیں گے لیکن جمہوریت جس ملک میں پنپتی ہے مسائل اسی ملک کے حل ہوتے ہیں۔ آج ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ جمہوری اقدار کو مضبوط کیا جائے۔ جمہوریت کو ملک میں فروغ دیا جائے اور اس کے تحت ملک کے مسائل کو حل کیا جائے ۔ہم کوئی عام ملک نہیں ہم ایٹمی طاقت ہیں اور ہم نے اپنے وسائل اور اپنی محنت سے یہ طاقت حاصل کی ہے ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ آج دنیا کی دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ پاکستان لڑ رہا ہے آج بھی ہماری مسلح افواج کے دو لاکھ سے زائد جوان دہشت گردی کے خلاف پوری دنیا کی جنگ لڑ رہے ہیں ہزاروں شہادتیں ہوئی ہیں قربانیاں دی گئی ہیں۔