بھارتی قابض فوج کی فائرنگ سے مزید 5 کشمیری نوجوان شہید

بھارتی قابض فوج کی فائرنگ سے مزید 5 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے جس نے آج بھی شوپیاں اور پلوامہ میں فائرنگ کر کے 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں کے علاقے درچ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جس دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین کے ساتھ بدتمیزی بھی کی گئی۔ 
بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران بزرگوں اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ایک گھر پر فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا، شوپیاں کے ہی ایک اور علاقے ”مولو“ میں فائرنگ کرکے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلوامہ میں ایک سیکیورٹی پوسٹ پر تعینات بھارتی فوج نے آصف احمد نامی نوجوان کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گیا۔

مصنف کے بارے میں