چوہدری نثار صدارتی الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرنے سے محروم رہے

چوہدری نثار صدارتی الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرنے سے محروم رہے
کیپشن: فوٹو: فائل

راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بطور رکن اسمبلی حلف نہ اٹھانے کے باعث صدارتی الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرنے سے محروم رہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 13 ویں صدر کا انتخاب ہوا جس میں تحریک انصاف کے عارف علوی کامیاب قرار پائے اور ملک کے صدر منتخب ہوئے۔ الیکشن کے لیے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کو پولنگ سٹیشن کا درجہ دیا گیا تھا ، قومی اسمبلی میں ہی سینیٹ ارکان نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔ چوہدری نثار علی خان بطور رکن اسمبلی حلف نہ اٹھانے کے باعث صدارتی الیکشن کے لیے ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے۔ عام انتخابات 2018میں چوہدری نثار نے راولپنڈی کے 4 حلقوں سے جیپ کے نشان پر الیکشن لڑا تھا تاہم وہ پنجاب اسمبلی کی ایک نشست ہی جیت پائے تھے۔

واضح رہے کہ 30 اگست کو آزاد رکن پنجاب اسمبلی چودھری نثار اور ن لیگ کے 3 ارکان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے استدعا کی تھی کہ صدارتی الیکشن سے قبل ان سے حلف لیاجائے۔چودھری پرویز الٰہی نے ان کی استدعا مسترد کردی اور کہا کہ مذکورہ ارکان اسمبلی سے حلف صدارتی الیکشن کے بعد لیا جائے گا۔