لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 61 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 26 ہزار 175 ہو گئی ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 3 ہزار 747 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 79 ہزار 305 ہو گئی جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.47 فیصد رہی ۔
دوسری جانب این سی او سی نے ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے والوں کیلئے اتوار کا دن مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ 6 ستمبر کو ویکسینیشن مراکز کو کھلا رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں ویکسین لگوا سکیں ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک 6 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں اور باقی لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔
حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والوں پر سفری پابندی کے ساتھ ساتھ متعدد پابندیوں کا اعلان کیا ہوا ہے جس کو مقصد ایسے لوگوں کو ویکسین لگوانے پر مجبور کرنا ہے جو اس کو لگوانے سے اجتناب کر رہے ہیں ۔