کوئٹہ میں ٹی ٹی پی کے خود کش حملے کی مذمت کرتا ہوں: عمران خان

کوئٹہ میں ٹی ٹی پی کے خود کش حملے کی مذمت کرتا ہوں: عمران خان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ 

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کوئٹہ کےمستونگ روڈ پر ایف سی کی چیک پوسٹ پر ٹی ٹی پی کےخودکش حملےکی شدیدمذمت کرتاہوں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میری ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ کیساتھ ہیں اورمیں زخمیوں کی شفایابی کیلئے دعا گو ہوں۔ بیرونی قوتوں کی ایماء پر بننے والے دہشتگردی کے منصوبے خاک میں ملا کر ہمیں محفوظ بنانےوالے اپنے محافظین کی قربانیوں کوسلام پیش کرتاہوں۔

واضح رہے کہ  مستونگ روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہو گئے ۔

واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق حملہ خودکش تھا جس میں موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے فورسز کی گاڑی سے خود کو ٹکرادیا تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔