شارجہ: سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں معرکے میں پاکستان نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 31 رنز سے ہرا دیا۔
میچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز اسکور کیے۔
جواب میں یو اے ای کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 140 رنز ہی بنا سکی۔ علی شان شرفو نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 68 رنز بنائے، مگر ان کی اننگز ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔
دیگر بلے بازوں میں کپتان محمد وسیم 19، پراشار 18 (ناٹ آؤٹ)، حیدر علی 12، ایتھان ڈیسوزا 9، آصف خان 7، اور ہرشت کوشک 3 رنز بنا سکے، جبکہ راہول چوپرا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستانی اننگز کا آغاز مستحکم نہ تھا۔ صاحبزادہ فرحان 16 اور صائم ایوب صرف 11 رنز بنا سکے۔ سلمان آغا (5)، محمد حارث (14) اور حسن نواز (4) بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔
تاہم تجربہ کار فخر زمان نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ ان کا ساتھ دیا محمد نواز نے، جنہوں نے 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم کا ہدف بڑا اسکور کرنا تھا تاکہ دباؤ حریف ٹیم پر رہے۔ ٹیم میں آج دو تبدیلیاں کی گئیں: سلمان مرزا کو حارث رؤف کی جگہ شامل کیا گیا، جبکہ ابرا ر احمد نے سفیان مقیم کی جگہ لی۔