اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عطیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ دوسروں کی خدمت کا پرخلوص جذبہ پاکستان کی سماجی و معاشرتی اقدار اور تہذیب کا قیمتی اثاثہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر آج کے دن معاشرتی فلاح و بہبود، امداد و عطیات اور باہمی رواداری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ بلا رنگ و نسل، بلا تعصب بے لوث مدد فراہم کرنے میں پیش قدمی کی ہے جو نہ صرف ہماری سماجی اور معاشرتی اقدار کی عکاسی کرتا ہے بلکہ اسلامی تعلیمات اور ہماری تہذیب کی بھی روشن علامت ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے رضاکار اور خدمت گزار ہر مشکل وقت میں، چاہے وہ قدرتی آفات ہوں، حادثات، جنگ یا ایمرجنسی کی صورت حال، اپنے اہل وطن کی مالی اور عملی مدد کرکے انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثالیں قائم کرتے آئے ہیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام کی فلاحی کاموں اور عطیات میں بھرپور شرکت کی بدولت پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جو سب سے زیادہ عطیات دینے والے ہیں۔
انہوں نے مخیر حضرات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مفت علاج، دسترخوان، ایمبولینس سروسز جیسے بے شمار فلاحی منصوبے ان کی عطیات کی بدولت کامیابی سے جاری ہیں، جو معاشرتی فلاح کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے معاشرے میں بےلوث خدمت، دوسروں کی امداد اور فلاحی کاموں میں شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام، تنظیموں اور اداروں پر زور دیا کہ وہ اس جذبے کو مزید فروغ دیں اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جو رواداری، ایثار اور خدمتِ خلق کی بنیاد پر قائم ہو۔