Get Alerts

لیجنڈ اداکار عابد علی کی چھٹی برسی آج منائی جا رہی ہے

لیجنڈ اداکار عابد علی کی چھٹی برسی آج منائی جا رہی ہے

لاہور : پاکستان کے معروف اور بے مثال اداکار عابد علی کی آج چھٹی برسی ہے۔ مارچ 1952 میں کوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا اور بعد میں 1973 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے جُڑ کر جھوک سیال سمیت کئی یادگار کردار نبھائے۔

انہیں امجد اسلام امجد کے ڈرامہ "وارث" سے شہرت ملی، جبکہ "پیاس"، "دوریاں"، "مہندی" اور "دیار دل" جیسے ڈرامے ان کی اداکاری کے گواہ ہیں۔ 1993 میں انہوں نے ڈرامہ "دشت" سے ہدایت کاری کا آغاز بھی کیا۔

عابد علی نے 70 سے 90 کی دہائی تک پی ٹی وی پر کئی شاندار کردار ادا کیے اور ان کی فنی خدمات کو 1985 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈز سے سراہا گیا۔

انہوں نے دو شادیاں کیں، پہلی بیوی حمیرا علی سے تین بیٹیاں ہیں: ایمان، راحمہ اور مریم علی۔ دوسری شادی اداکارہ رابعہ نورین سے 2006 میں ہوئی۔

جگر کے سرطان اور سانس کی تکلیف کے باعث انہیں 30 اگست کو کراچی کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، لیکن وہ 5 ستمبر کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ اپنی جاندار اداکاری کے باعث عابد علی ہمیشہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

ٹیگز: