لاہور : پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ اقرا عزیز نے اپنے شوہر اور اداکار یاسر حسین کے ساتھ عمر کے تقریباً 11 سال کے فرق پر ہونے والی تنقید کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
اقرا عزیز اور یاسر حسین نے 2019 میں شادی کی تھی۔ شادی کے بعد سے دونوں کی عمر میں نمایاں فرق اکثر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اقرا عزیز نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ یاسر حسین کو اپنا شریکِ حیات پا کر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق لوگوں کی اپنی اپنی رائے ہو سکتی ہے، تاہم دوسروں کی باتوں نے کبھی بھی شوہر کے لیے ان کے جذبات کو متاثر نہیں کیا۔
عمر کے تقریباً 11 سال کے فرق سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ان کے نزدیک یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ اقرا کا کہنا تھا کہ ان کے والدین کے درمیان بھی عمر کا فرق موجود رہا ہے، اس لیے وہ اسے ایک عام بات سمجھتی ہیں۔
اقرا عزیز نے مزید کہا کہ کسی بھی رشتے میں صرف عمر کا فرق فیصلہ کن حیثیت نہیں رکھتا بلکہ باہمی وابستگی، ذہنی ہم آہنگی، سکون اور ایک دوسرے کے ساتھ اطمینان زیادہ اہم ہوتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق عمر میں فرق ہو یا نہ ہو، ایک کامیاب ازدواجی زندگی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ میاں بیوی ایک دوسرے کے ساتھ کس قدر خوش، مطمئن اور آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین دو بچوں کے والدین ہیں۔ ان کے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش جولائی 2021 میں ہوئی، جبکہ جنوری 2026 میں ان کے ہاں بیٹی صوفیہ حسین کی پیدائش ہوئی۔