نیویارک/لندن : مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی جانے والی سخت دھمکیوں نے عالمی منڈی میں کھلبلی مچا دی ہے۔ سپلائی میں تعطل کے خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 2.2 فیصد اضافے کے بعد 111.43 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت میں 2.7 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 114.57 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی تیل پر قبضے کی دھمکی اور آبنائے ہرمز میں ممکنہ فوجی کارروائی نے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ اگر جنگ بندی کے حوالے سے جاری 45 روزہ مذاکرات ناکام ہوتے ہیں تو عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو سکتی ہیں، جس کا براہِ راست اثر عالمی مہنگائی پر پڑے گا۔