لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار شہریار زیدی نے اپنی اہلیہ نیرا نور کی وفات کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔
حال ہی میں نیو نیوز کے پروگرام' زبردست' میں مہمان کے طور پر شریک شہریار زیدی نے بتایا کہ اہلیہ تقریباً دس سال تک کینسر کے ساتھ لڑتی رہیں اور بیماری ریڑھ کی ہڈی تک پھیل جانے کی وجہ سے وہ شدید تکلیف میں تھیں۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ اہلیہ کے جانے کے بعد وہ گہری تنہائی محسوس کرتے ہیں۔ “لوگوں میں رہنے کے باوجود خود کو اکیلا محسوس کرتا ہوں، گھر واپس آ کر کئی گھنٹے کمرے میں بیٹھا رہتا ہوں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض لوگ انہیں دوبارہ شادی کا مشورہ دیتے ہیں، مگر وہ کسی اور کے ساتھ ویسا تعلق قائم نہیں کر سکتے۔ “میری زندگی کا سب سے بڑا سانحہ اہلیہ کو کھونا ہے۔”
واضح رہے کہ نیرا نور نے 2012 میں گائیکی سے کنارہ کشی اختیار کی تھی، لیکن پاکستان کی موسیقی کی تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بلبلِ پاکستان نیرا نور 20 اگست 2022ء کو وفات پا گئیں، اور ان کے جانے کے بعد ایک عہد کا اختتام ہو گیا۔