لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایک میچ میں ملتان سلطانز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے راولپنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
راولپنڈیز کی جانب سے سیم بلنگز نمایاں رہے اور 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کامران غلام نے 35 اور ڈیان فوریسٹر نے 24 رنز اسکور کیے۔
ملتان سلطانز کی بولنگ میں فیصل اکرم نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عرفات منہاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے یہ ہدف 17ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 68 اور جوش فلپے نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ شان مسعود 27 اور ایشٹن ٹرنر 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔