کراچی سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کو حادثہ ،جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی، 80 زخمی

 کراچی سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کو حادثہ ،جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی، 80 زخمی

نواب شاہ : کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں نواب شاہ کے قریب پٹری سے اتر کر الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ٹرین حادثے میں 80 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی ایس ریلوے محمود الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، حادثے کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوکوشیڈ روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ روانہ ہو رہی ہے، حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہے۔ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق ہزارہ ایکسپریس میں سوار مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے۔ایدھی فاؤنڈیشن کنٹرول روم کے مطابق حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر اور قریب کے سینٹروں سے ایدھی کی درجنوں گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کی ہیں۔

 
آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج اور رینجرز کے دستے حادثے کی جگہ پر پہنچ گئے۔پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں نے امدادی سرگرمیاں شرو ع کردی ہیں۔