اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر میں وقت کی پابندی نہ کرنے اور ملازمین کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ذمہ داریوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور خودمختار اداروں میں اوقاتِ کار کی مکمل پابندی کی جائے، اور تمام افسران و عملہ مقررہ وقت پر دفاتر میں موجود ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری مشینری کی کارکردگی بہتر بنانے اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے معیشت کی ڈیجیٹائزیشن نہایت اہم ہے۔ وقت کی پابندی اس سمت میں پہلا اور ضروری قدم ہے۔
وزیراعظم نے سیکرٹریز اور اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ خود وقت کی پابندی میں مثال قائم کریں تاکہ دیگر ملازمین بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے تمام وزارتوں اور محکموں کو باقاعدہ خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں، جن میں اوقاتِ کار کی سختی سے پابندی کی تاکید کی گئی ہے۔