واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگ یا جانی نقصان نہیں چاہتے اور امید ہے کہ مذاکرات مثبت نتائج کی طرف بڑھیں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے اور آئندہ پیش رفت صورتحال کو مزید واضح کرے گی۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز کا کھلنا پہلا مرحلہ ہوگا، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات آگے بڑھائے جائیں گے۔