Get Alerts

قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی ٹرافی کی رونمائی، جدہ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی

قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی ٹرافی کی رونمائی، جدہ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی

جدہ : پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے اسکانکم کرکٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے "قائدِ اعظم آزادی کپ 2026" کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب جدہ میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، سپانسرز، ٹیموں کے کپتانوں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان انجینئر عبدالمتین اور انجینئر سید جعفر نے ٹورنامنٹ کے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو روزہ ایونٹ میں آٹھ مضبوط ٹیمیں چیمپئن شپ کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

انتظامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام میچز 6 اور 7 اگست کو جدہ نیٹس گراؤنڈ میں شام کے اوقات میں کھیلے جائیں گے۔

اس موقع پر شریک ٹیموں اور ان کے کپتانوں کا بھی تعارف کرایا گیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان قونصلیٹ کی نمائندہ ٹیم سروسز ونرز ویلفیئر قونصل عاقب کی قیادت میں میدان میں اترے گی، جبکہ اسکان فالکن، کرم البلد، کبابش کنگز، سمارٹ زون، اعتماد قلندر، حافظ سپر کنگز اور المقیت واریئرز بھی ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پریس قونصل چوہدری عرفان نے اسکانکم انتظامیہ کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر اس کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلے نہ صرف کمیونٹی کو تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ باہمی روابط اور قومی یکجہتی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

دیگر مقررین نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس کے تجربات سے سیکھتے ہوئے اس سال ایونٹ کو مزید منظم اور کامیاب بنایا جائے گا۔

منتظمین کے مطابق قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کا بنیادی مقصد یومِ آزادی کو کھیل، اتحاد اور قومی جذبے کے ساتھ منانا ہے، جبکہ یہ ایونٹ جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا بھی ذریعہ بنے گا۔

ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 14 اگست کو منعقد ہونے والی یومِ آزادی کی مرکزی تقریب میں ٹرافی سے نوازا جائے گا۔

اس موقع پر کمیونٹی رہنما چوہدری محمد اکرم نے کہا کہ آزادی کپ میں بھرپور اور منظم انداز میں شرکت کی جائے گی۔ تقریب کی نظامت شاہین آفریدی اور انجینئر سید جعفر نے انجام دی، جبکہ کبابش پنک کلب کی خواتین نے بھی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ایونٹ کے لیے اپنے تعاون کا اظہار کیا۔

ٹیگز: