لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ون ڈش کی خلاف ورزی اور لاؤڈ سپیکر کے غیر ضروری استعمال کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ شادیوں اور تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ شادی ہالز اور دیگر تقریبات میں بلند آواز میں میوزک چلانے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ قوالی نائٹ سمیت تمام تقریبات میں لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جائے۔
حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پولیس مشترکہ کارروائیاں کریں گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالز اور پروگرام آرگنائزرز کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے گی۔