سپین: سپین کے شہر الیکانٹے میں ایک ملازمہ کو دفتر وقت سے بہت جلد پہنچنے پر کمپنی نے برطرف کر دیا، جس کے بعد ملازمہ نے عدالت میں اپیل دائر کی۔
رپورٹس کے مطابق، خاتون صبح 6:45 سے 7:00 بجے کے درمیان دفتر پہنچ جاتی تھیں، حالانکہ ان کے معاہدے کے مطابق کام کا آغاز 7:30 بجے ہونا تھا۔ اس وجہ سے وہ اپنے ساتھیوں سے پہلے کام شروع کر دیتی تھیں، جو مالک کو منظور نہیں تھا۔
خاتون کوپہلے اس رویے پر انتباہ کیا گیا، لیکن وہ دفتر جلد پہنچنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اس سال کے آغاز میں مالک نے انہیں سنگین بدانتظامی کے الزام میں برطرف کر دیا۔ مالک نے بتایا کہ اتنی جلدی پہنچنے کی وجہ سے ملازمہ کے پاس کام نہیں تھا اور وہ کمپنی میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہی تھیں۔
الیکانٹے کی سوشل کورٹ نے مالک کے حق میں فیصلہ سنایا اور کہا کہ ملازمہ نے بار بار انتباہات کو نظر انداز کیا اور اس کے رویے نے ملازم اور مالک کے تعلقات پر منفی اثر ڈالا۔ عدالت نے کہا کہ یہ رویہ اعتماد اور وفاداری کے تعلقات کو متاثر کرتا ہے، اور ملازمت ختم کرنا جائز قرار دیا گیا۔