لاہور : پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے 6 سے 8 فروری تک خصوصی ایمرجنسی پلان تیار کر لیا ہے۔ ریسکیو 1122 لاہور کے مطابق، اس دوران شہر بھر میں 1200 سے زائد ریسکیورز، 56 ایمبولینسز، 24 فائر وہیکلز اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس اہم مقامات پر تعینات کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً مدد فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق، لاہور میں قائم 23 ریسکیو اسٹیشنز کے علاوہ، شہر کے مختلف علاقوں میں 180 خصوصی کی پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں ایمرجنسی ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور ریسکیو موٹر بائیکس ہمہ وقت دستیاب رہیں گی۔ خاص طور پر تنگ گلیوں اور رش والی جگہوں پر بروقت رسائی کے لیے ریسکیو موٹر بائیکس کو خصوصی پوائنٹس پر تعینات کیا جائے گا۔
ریسکیو 1122 نے یہ بھی بتایا کہ بسنت فیسٹیول کے دوران والڈ سٹی، مزنگ، اچھرہ، شاد باغ اور داتا دربار کے علاقوں میں بھی خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات ہوں گی، اور کسی بھی بڑی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی اضلاع سے فوری بیک اپ ریسکیو ٹیمیں بھی دستیاب ہوں گی۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے کہا کہ بسنت کے دوران ریسکیو اور میڈیکل کور کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، لیکن اس دوران معمول کے مطابق روٹین ریسکیو آپریشنز بھی جاری رہیں گے۔ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور ضلعی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور تمام ریسکیو سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔