ممبئی : اداکارہ ایشوریا رائے نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر ابھیشک بچن کی 50 ویں سالگرہ پر محبت بھرا پیغام دے کر طلاق کی افواہوں کو جھوٹا ثابت کر دیا۔ ایشوریا نے اپنے پیغام میں ابھیشک کی بچپن کی ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی لکھا، "پیارے بےبی-پاپا کو 50 ویں سالگرہ مبارک! ڈھیر سارا پیار، سکون، خوشیاں، دلی سکون اور بہترین صحت کے ساتھ خوش رہیں اور محبت کے ساتھ چمکتے رہیں۔" اس پیغام میں پیار بھرے ایموجیز بھی شامل تھے جو ان کے جذبات کو مزید نمایاں کرتے ہیں۔
ان کے اس محبت بھرے پیغام کو مداحوں نے بہت سراہا اور دونوں کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔ جہاں مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں کچھ نے ایشوریا کی پوسٹ پر سوالات بھی اٹھائے۔ کئی مداحوں نے تصویر میں صرف ابھیشک کی آنکھیں دیکھ کر یہ سوال کیا کہ پوری تصویر کیوں نہیں شیئر کی گئی، کچھ نے تو یہاں تک کہا کہ یہ شاید ایک غلطی تھی۔
پھر بھی، زیادہ تر مداحوں نے اس جوڑے کو پرفیکٹ قرار دیا اور ان کے پیغام کو حقیقی محبت کی علامت سمجھا۔ سابق مس ورلڈ کے مداحوں نے بھی ابھیشک بچن کو ان کی سالگرہ کی مبارک باد دی اور اس پیغام کو دل کو چھو لینے والا قرار دیا۔
ایشوریا رائے اور ابھیشک بچن کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اور اس شادی کے بعد دونوں نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا۔ ان کی ایک بیٹی، ارادھیا، بھی ہے، جس کا شمار دونوں کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی میں ہوتا ہے۔