Get Alerts

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز ، 24 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز ، 24 دہشت گرد ہلاک

پشاور : خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں 24 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 4 اور 5 فروری کو صوبے میں دو مختلف آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی پراکسی گروہ "فتنہ الخوارج" سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد مارے گئے۔

ضلع اورکزئی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اسی طرح ضلع خیبر میں بھی ایک اور آپریشن کیا گیا، جس میں مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں باقی دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہیں تاکہ ان عناصر کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائیاں "انسداد دہشت گردی مہم وژن عزمِ استحکام" کے تحت کی جا رہی ہیں اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف فورسز کا فیصلہ کن کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ٹیگز: