لفظ ’’سیلفی‘‘2013ء میں انگریزی ڈکشنری میں شامل کیا گیا

لفظ ’’سیلفی‘‘2013ء میں انگریزی ڈکشنری میں شامل کیا گیا

اسلام آباد : لفظ سیلفی2013 میں انگریزی ڈکشنری میں شامل کیا گیا،زندگی بہت خوبصورت ہے ،آپ اور ہم سب بھی بہت خوبصورت ہیں اور ہمارا ہر گزرتا لمحہ بھی یادگار اور اپنے ایسے ہی یادگار لمحات کو تصویری شکل میں خود ہی محفوظ کرنے کا طریقہ کہلاتا ہے سیلفی۔

دنیا کی پہلی سیلفی اٹھارہ سو انتالیس میں فوٹوگرافر رابرٹ کارنیلیس نے لی لیکن یہ طریقہ دراصل ڈیڑھ صدی سے سے زیادہ عرصے کے بعد ڈیجیٹل کیمروں اور اسمارٹ فونز کے ذریعے لوگوں میں مقبول ہوا اور کئی افراد نے اس نئے تصویری اسٹائل سے شاہکار تخلیق کیے۔

سیلفی کا بخار چند سالوں میں خوب چڑھا اور اس نے بڑے بڑوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یوں تو سیلفی کی حمایت اور مخالفت میں کئی دلیلیں اور تحقیق موجود ہیں لیکن سوشل میڈیا پر اشاعت کےلئے خوبصورت یا پرخطر مقامات پر سیلفی بنانے کے جنون نے لوگوں کی جانیں لینا شروع کردیں۔

ایک امریکی ادارے کے اعدادو شمار کے مطابق سیلفی کے چکر میں دو ہزار تیرہ سے اب تک دو سو کے قریب افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں،بھارت میں سیلفی لیتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سترہ سے زائد ہے اور سولہ مقامات پر سیلفی لینے پر پابندی بھی عائد ہے۔

پاکستان میں بھی ہلاکتوں کی تعداد دس ہوگئی ہے،کئی ملکوں میں سیف سیلفی کے نام سے آگہی کی مہم بھی چلائی گئی،جس میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر دس لاکھ لائیکس بھی آپ کی زندگی اور آپ کی بھلائی سے بڑھ کر نہیں،لہٰذا خیال رکھیئے،محتاط رہئے،کیونکہ عوامی مقامات پر عجیب اور خطرناک حرکتوں کا نتیجہ موت یا اسپتال کا بیڈ ہوتا ہے۔