گلگت:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت خطے کے عوام کے حقوق اور آواز کو ہر سطح تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور بعد ازاں پاکستان میں شمولیت کی درخواست دی، جبکہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو کے مطابق خطے کے عوام نے انتخابات میں پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو آگے لانا اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق، حقِ حاکمیت، حقِ روزگار اور حقِ ملکیت دلانے کی جدوجہد جاری رہے گی، اور اس مقصد کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھا جائے گا۔