Get Alerts

سعودی عرب سمیت متعدد ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

سعودی عرب سمیت متعدد ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

مکہ مکرمہ  : سعودی عرب سمیت دنیا کے متعدد اسلامی ممالک میں آج عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ لاکھوں فرزندانِ اسلام نے نمازِ عید ادا کی اور سنتِ ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دیا۔

اسلام کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ کی وادی منیٰ میں لاکھوں حجاج نے آج (10 ذوالحجہ) کو صبح سویرے رمی جمرات کی ادائیگی کی، جس میں شیطان کو کنکریاں ماری جاتی ہیں۔ اس سے قبل، حجاج کرام نے مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزاری اور وہاں سے کنکریاں جمع کیں۔

نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں حجاج اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ نماز کے بعد خطبہ دیا گیا اور امت مسلمہ کے اتحاد و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، ترکی، شام، اردن، عمان اور عراق میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔ اسی طرح برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں مقیم مسلمان بھی آج ہی کے دن قربانی کی سنت ادا کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز خطبہ حج کی ادائیگی کے بعد عازمین نے مسجد نمرہ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی تھیں۔ خطبہ حج، جسے خطبہ عرفات بھی کہا جاتا ہے، میں شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ نے دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ انہوں نے اتحاد، تقویٰ اور امن کا پیغام دیا۔

نماز عید کے بعد حجاج نے قربانی کی، سر منڈوایا، اور اس طرح حج کے اہم مناسک مکمل کیے۔ سعودی عرب بھر میں ہزاروں چھوٹی بڑی مساجد میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جن میں مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں غیر ملکی بھی شریک ہوئے۔

ٹیگز: