کوہاٹ: سابق سینیٹر عباس خان آفریدی گیس لیکج دھماکے میں شدید زخمی ہونے کے بعد دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ وہ گزشتہ روز اعظم باغ، کوہاٹ میں پیش آنے والے واقعے میں جھلس گئے تھے اور تشویشناک حالت میں انہیں کھاریاں کے برن سینٹر منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، مرحوم کی نمازِ جنازہ بابری بانڈہ کوہاٹ میں ادا کی جائے گی۔ دھماکے میں عباس آفریدی سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں باقی دو زخمیوں کی حالت بھی اب تک تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ عباس خان آفریدی سیاست میں سرگرم کردار کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔