Get Alerts

ون وے خلاف ورزی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر سخت جرمانوں کا اعلان

ون وے خلاف ورزی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر سخت جرمانوں کا اعلان

کراچی: سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ون وے خلاف ورزی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر داخلہ و قانون ضیا لنجار کی زیر صدارت اجلاس میں موٹر وہیکلز رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ فیصلے کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی پر سرکاری گاڑی کو 2 لاکھ، نجی گاڑی کو 1 لاکھ اور موٹرسائیکل کو 25 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے پر بالترتیب 50 ہزار اور 25 ہزار روپے کا جرمانہ ہوگا۔

اجلاس میں کمرشل اور نان کمرشل گاڑیوں کی فٹنس تھرڈ پارٹی سے لازمی قرار دی گئی، جبکہ چار سیٹر رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنے، اور دو سیٹر رکشوں کو پیشگی اجازت نامے کے تحت سڑک پر آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

واٹر ٹینکرز، ڈمپرز میں ٹریکرز اور سینسرز، جب کہ مال بردار گاڑیوں میں کم از کم پانچ کیمروں کی تنصیب بھی لازمی قرار دی گئی۔ ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ پر پہلی خلاف ورزی پر 1 لاکھ، دوسری پر 2 لاکھ اور تیسری پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

ٹیگز: