کچھی: سکیورٹی فورسز نے ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم 'فتنہ الہندوستان' سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جس میں دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک شدہ عناصر بھارت کی سرپرستی میں ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ دیگر ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردوں کو معصوم جانوں کی قیمت چکانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔