ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے ایبولا وائرس کے خدشات کے پیش نظر تین افریقی ممالک کے شہریوں کے لیے نئے ویزوں کے اجرا کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اماراتی نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹیٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹس سیکیورٹی کی جانب سے اس حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے لیے نئے ویزوں، بشمول وزٹ ویزوں کے اجرا پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے متحدہ عرب امارات میں داخلہ بھی محدود کر دیا گیا ہے، چاہے وہ کسی تیسرے ملک کے ذریعے ہی کیوں نہ سفر کریں۔
تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ وہ افراد جو امارات آمد سے قبل متعلقہ ممالک سے کم از کم 21 روز تک باہر کسی دوسرے ملک میں قیام کر چکے ہوں گے، انہیں اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، بشرطیکہ وہ تمام ضروری شرائط پوری کریں۔
یہ پابندیاں 6 جون 2026 بروز ہفتہ دوپہر ایک بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔ صورتحال کے مطابق ان اقدامات میں توسیع یا تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ان پابندیوں کے باوجود کارگو پروازیں اور سامان کی ترسیل معمول کے مطابق جاری رہے گی جبکہ ٹرانزٹ فلائٹس پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی تاکہ عالمی فضائی و تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
اماراتی حکام کے مطابق افریقی خطے کے بعض حصوں میں ایبولا سے متعلق صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری ہے اور عالمی سطح پر صحت کے ادارے اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔