Get Alerts

ایس آئی ایف سی کے اقدامات رنگ لے آئے؛ مالی سال 2026 کے 10 ماہ میں فری لانسرز کی آمدن 95 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی

ایس آئی ایف سی کے اقدامات رنگ لے آئے؛ مالی سال 2026 کے 10 ماہ میں فری لانسرز کی آمدن 95 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی

آئی ٹی ایکسپورٹرز کے لیے فارن کرنسی اکاؤنٹس میں رقم رکھنے کی حد 35 سے بڑھا کر 50 فیصد کر دی گئی، ریگولیٹری سہولتوں میں اضافہ

اسلام آباد: پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے ایک بڑی اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے قیام کے بعد سے آئی ٹی برآمدات اور فری لانسنگ کے شعبے کے لیے کی جانے والی پالیسی اور مالیاتی اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں رواں مالی سال 2026 کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستانی فری لانسرز کی برآمدی آمدن 95 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق، گزشتہ تین برسوں کے دوران ایس آئی ایف سی کی بھرپور معاونت اور وژن کے باعث آئی ٹی اور فری لانسنگ سیکٹر کے لیے ملک میں انتہائی کاروبار دوست ماحول اور ریگولیٹری سہولتوں کو فروغ ملا ہے۔ کونسل کی خصوصی کوششوں اور تعاون کی بدولت آئی ٹی ایکسپورٹرز کو اب اپنے اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس میں رقم برقرار رکھنے کی حد 35 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک کرنے کی اہم ترین سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

اس مالیاتی اصلاحات کے بعد آئی ٹی ایکسپورٹرز کو اپنی فارن کرنسی آمدن کے استعمال میں پہلے سے کہیں زیادہ خودمختاری اور آزادی حاصل ہو گئی ہے، جس سے بین الاقوامی سطح پر کاروبار کرنے میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ فری لانسنگ سے حاصل ہونے والی یہ خطیر رقم اور ایکسپورٹرز کے لیے بڑھتی ہوئی سہولیات ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوں گی۔

ٹیگز: