بیجنگ: چینی شوبز انڈسٹری کے نوجوان اداکار اور ماڈل جِن زے 33 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئے، جس کی تصدیق ان کی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی نے ایک باضابطہ بیان کے ذریعے کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جِن زے، جن کا اصل نام ژانگ جیاوئی تھا، ہانگژو میں اپنی رہائش گاہ پر وفات پا گئے۔ ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ اہل خانہ کی خواہش اور رازداری کے احترام میں موت کی وجوہات ظاہر نہیں کی جا رہیں۔
بیان میں میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ اس مشکل وقت میں خاندان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے اور غیر مصدقہ خبروں یا افواہوں سے گریز کیا جائے تاکہ لواحقین کو سکون کے ساتھ آخری رسومات ادا کرنے کا موقع مل سکے۔
جِن زے کی اچانک وفات کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں مداحوں، ساتھی فنکاروں اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک باصلاحیت، محنتی اور خوش اخلاق شخصیت قرار دیا۔
یاد رہے کہ اپنی وفات سے صرف ایک ماہ قبل انہوں نے ویبو پر اپنی آخری پوسٹ میں ایک نئے ڈرامائی منصوبے کی شوٹنگ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا تھا، جس میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔