برلن: ایپل نے رواں برس کے اختتام تک یورپ میں اپنا پہلا ڈیویلپر سینٹر قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کھولا جائے گا۔
کمپنی کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایپل اور یورپی یونین کے درمیان مختلف ریگولیٹری معاملات پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ یورپی حکام کا مؤقف رہا ہے کہ ایپل نے اپنے پلیٹ فارمز پر حد سے زیادہ اختیار استعمال کیا، جس کے بعد کمپنی کو یورپی صارفین کے لیے متعدد پالیسی تبدیلیاں متعارف کرانا پڑیں۔
نیا ڈیویلپر سینٹر ایپل کے عالمی نیٹ ورک کا حصہ ہوگا، جس میں امریکا کے شہر کیوپرٹینو، بھارت کے شہر بنگلورو، چین کے شہر شنگھائی اور سنگاپور میں قائم مراکز شامل ہیں۔
ایپل کے ڈیویلپر سینٹرز کا مقصد ایپس تیار کرنے والے پروگرامرز اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرنا ہے۔ ان مراکز میں ڈویلپرز کو تربیتی سیشنز، عملی ورکشاپس اور ایپل کے ماہرین کے ساتھ براہِ راست ملاقاتوں کے مواقع دیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی ایپلی کیشنز کو مزید مؤثر اور کامیاب بنا سکیں۔
کمپنی کے مطابق برلن میں قائم ہونے والا یہ مرکز یورپ بھر کے ڈویلپرز کو جدید ٹیکنالوجی، رہنمائی اور پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔