میری نااہلی کا فیصلہ بدلنے کیلئے آپ کے ووٹ درکار ہیں، نواز شریف

میری نااہلی کا فیصلہ بدلنے کیلئے آپ کے ووٹ درکار ہیں، نواز شریف

مانسہرہ : سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف دوبارہ اہل ہوسکتا ہے، جس قانون کے تحت نااہل کیا گیا اسے اسمبلی میں لاکر تبدیل کیا جاسکتا ہے جس کے لئے عوام کے ووٹ کی ضرورت ہوگی۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ مجھے تو فارغ کردیاگیا، آنے سے پہلے معلوم تھا کہ یہاں کسی نے فیصلہ تسلیم نہیں کیا، نوازشریف نے دن رات آپ کی خدمت کی ، ہزارہ موٹروے کا کسی نے مطالبہ نہیں کیا لیکن اس لیے بنائی کیونکہ اس علاقے اور اس خطے کیساتھ محبت ہے۔ نوازشریف نے کہاکہ یہ لاڈلہ جو روز الزامات لگاتاہے ، اس کی قسمت میں دھرنا ہے ، قوم اسے رد کرچکی ہے اور نوازشریف کااس سے کوئی مقابلہ نہیں، انشاء اللہ زرداری اور عمران خان دونوں کو شکست ہوگی، گزشتہ عام انتخابات سے بھی زیادہ ووٹ ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی تو دیکھو کہ الیکشن میں عمران اور زرداری نہیں نکلوا سکے تو چوردروازے سے نکلوا دیا اور نااہل کرادیا، وجہ یہ تھی کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اور اقامہ رکھا ہوا تھا، اقامہ عربی زبان میں ویزے کو کہتے ہیں،کہاگیاکہ گھر جاو¿ ،پاکستانی قانون میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ، بلیک لاءڈکشنری کو دیکھ کر فیصلہ کیاگیا، عمران خان نے خود کہاکہ نوازشریف کا فیصلہ کمزور ہے ، عمران خان کی اپنی آف شور اور لاکھوں کی ٹرانزیکشن بھی ہے جسے ججوں نے کہاکہ نہیں ، عمران تم بالکل معصوم اور بے قصور ہو، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے والے نوازشریف کو نااہل اور پارٹی صدارت سے فارغ کردیا، اگر یہ فیصلہ آپ کو منظور نہیں ہے تو کیا یہ فیصلہ آپ بدلنا چاہتے ہیں توپھر ایک ہی راستہ ہے کہ اس فیصلے کو اسمبلی میں لے جاکر بدلنا ہوگا اور اس کیلئے آپ کا ووٹ چاہیے ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کے پیچھے سب ہاتھ دھو کر پڑے ہیں کہ نواز شریف کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالو، ان سب کے پیچھے آپ پڑجاو۔میں نے گردن جھکانے سے انکار کیا ہے، پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام و نامراد ہوں گے۔نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کا مطلب ہے پاکستانیوں، نوجوانوں اور پاکستان کو عزت دو، پاکستان چند لوگوں کی جاگیر نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کی جاگیر ہے جو کسی کے نوکر  نہیں ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایسا پروگرام لے کر آئیں گے جس کے ذریعے تمام بے گھر افراد کو گھر ملے، لوگوں کو باعزت روزگار ملے اور عدل کے حوالے سے ایسا نظام بنائیں گے جس میں لوگوں کو ہفتے میں انصاف ملے گا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ قوم ان کے ساتھ سر اٹھا کر چلے گی، ایسی طاقتوں کو شرمناک شکست سے دوچار کرے گی۔نواز شریف نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں ووٹ کو عزت دی تو خیبرپختونخوا کو نیا بنا دیں گے اور انشاءاللہ مانسہرہ تک ریلوے لائن بچھائیں گے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا شہباز شریف کے پاس ہوتا تو نقشہ بدل چکا ہوتا، پنجاب میں جاکر دیکھو، آپ کو نیا پاکستان نظر آئے گا، جیسے ہی سندھ میں داخل ہو تو آپ کو پرانے پاکستان کی تصویر نظر آنے لگتی ہے۔