سعودی عرب کا مسلسل دوسرے سال غیر ملکی عازمین حج پر پابندی لگانے پر غور

سعودی عرب کا مسلسل دوسرے سال غیر ملکی عازمین حج پر پابندی لگانے پر غور
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر مسلسل دوسرے سال بھی غیرملکی عازمین حج پر پابندی لگانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی عازمین حج پر پابندی کے حوالے سے مشاورت ہو چکی لیکن عملدرآمد کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، ابتداءمیں سعودی حکام نے بیرون ملک مقیم عازمین کی میزبانی کا منصوبہ بنایا تھا جسے اب منسوخ کردیا گیا ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق رواں سال بھی صرف ان مقامی عازمین کو ہی اجازت دی جائے گی جنہیں ویکسین لگی ہے یا جو حج سے کم از کم چھ ماہ قبل وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں تاہم سعودی عرب کے سرکاری میڈیا آفس نے اس خبر پرتبصرے سے گریز کیاہے۔
ابتدائی طور پر یہ منصوبہ بنایا گیا تھا کہ بیرون ملک سے کچھ عازمین کو حج کی اجازت دی جائے گی لیکن ویکسین کی اقسام، ان کی افادیت اور وائرس کی نئی اقسام منظر عام پر آنے کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں نے حکام کو اپنے فیصلے پر غور کرنے پر مجبور کردیا ہے۔