Get Alerts

پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ، پاک بھارت کشیدگی پر غور

پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ، پاک بھارت کشیدگی پر غور

نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں پاکستانی درخواست پر پاک بھارت کشیدگی پر غور کے لیے بند کمرہ اجلاس منعقد کیا گیا۔

نیو یارک میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک، جن میں 5 مستقل ارکان بھی شامل تھے، شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاکستان کا مقدمہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستانی مشن نے بھرپور تیاری کے ساتھ پیش کیا۔

پاکستان نے عالمی برادری کو بھارت کی اشتعال انگیزیوں، امن کے لیے خطرناک اقدامات، اور حالیہ متنازع بیانات سے آگاہ کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اراکین کو بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اقدام پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، اور وہاں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ پاکستانی وفد نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امن کو لاحق خطرات کا نوٹس لے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

ٹیگز: