Get Alerts

پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی اقدامات سے خطے کے امن وسلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں ،عاصم افتخار

پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی اقدامات سے خطے کے امن وسلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں ،عاصم افتخار

نیویارک : پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے نیویارک میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں، پاکستان ہر سطح پر تعاون کے لیے تیار ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے، مگر اپنی خودمختاری اور دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار بھی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کر کے خطرناک راستہ اختیار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی زندگی کا ذریعہ ہے، اسے کبھی بھی جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگی ان دریاؤں سے جڑی ہوئی ہے، اور اگر بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج کی ذمہ داری بھی بھارت پر ہی عائد ہو گی۔

پاکستانی مندوب نے کشمیر کے مسئلے کو خطے کے امن کی کنجی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں ملتا، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن ممکن نہیں۔ انہوں نے بھارت کے حالیہ اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا تنازع ہے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کا بھی شکریہ ادا کیا کہ پاکستان کی درخواست پر پاک بھارت کشیدگی پر بند کمرہ اجلاس بلایا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی برادری اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔

ٹیگز: