Get Alerts

قومی سلامتی کےلیے ہر وقت تیار ہیں ، پاکستان کےایکس سروس مین کامیدان میں آکردفاع کرنےکااعلان

قومی سلامتی کےلیے ہر وقت تیار ہیں ، پاکستان کےایکس سروس مین کامیدان میں آکردفاع کرنےکااعلان

راولپنڈی :  سابق فوجی افسران نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کو کوئی خطرہ ہوا تو ہم دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں، آرمی چیف کی ایک آواز پر لبیک کہیں گے۔ یہ بات ریٹائرڈ فوجی افسران نے راولپنڈی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی، جس میں ریٹائرڈ افسران کی بڑی تعداد شریک تھی۔

میجر جنرل (ر) جاوید اسلم طاہر نے کہا کہ ہم 20 لاکھ ریٹائرڈ فوجیوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور پاکستان کے دفاع کے لیے ہم آج بھی تیار کھڑے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے پہلگام میں مبینہ فالس فلیگ آپریشن پر شدید ردعمل دیا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اگر پاکستان کے خلاف کوئی مہم جوئی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ "ہم آرمی چیف کی ایک آواز پر لبیک کہیں گے، ہم متحد ہیں اور افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔" اسی موقع پر ائیر وائس مارشل (ر) فہیم ارشد نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس بھارت سے کہیں زیادہ آگے ہے۔ انہوں نے 2019 کی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی اے ایف نے اس وقت اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، اور دنیا نے ہماری فضائی مہارت کو تسلیم کیا۔

میجر جنرل (ر) خالد جعفری نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے، ہمارے جوان بین الاقوامی مقابلے جیتتے ہیں اور ہر محاذ پر تیار ہیں۔ انہوں نے بھی پہلگام واقعے کو فالس فلیگ آپریشن قرار دیا اور کہا کہ بھارت ماضی میں بھی اس طرح کے اقدامات کر چکا ہے۔

سابق افسران کا کہنا تھا کہ پوری قوم اور ریٹائرڈ فوجی افسران افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور ملکی سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ٹیگز: