اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی خارجہ اور دفاعی تاریخ کے سب سے بڑے معرکوں اور سفارتی کامیابیوں کے حوالے سے اہم ترین تفصیلات دنیا کے سامنے رکھ دی ہیں۔ پاکستان علماء کونسل کے زیرِ اہتمام منعقدہ "چھٹی بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے عالمی اور علاقائی سطح پر اپنی طاقت اور سفارت کاری کا لوہا منوا لیا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ پاکستان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 47 سال بعد امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی ایک میز پر لا کھڑا کیا ہے، جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بہت بڑی اور تاریخی فتح ہے۔انہوں نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی نے "پہلگام واقعے" کا سراسر بے بنیاد اور جھوٹا الزام لگا کر پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا تھا۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ بھارت کے اس ناپاک حملے کا ہماری افواج نے منہ توڑ جواب دیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ اور مدبرانہ سربراہی میں پاک فوج نے دشمن کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی۔ نائب وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ "معرکہِ حق" کے دوران غیور پاکستانی قوم نے جس مثالی یکجہتی اور بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا، اس نے دشمن کے تمام گھناؤنے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔